کولمبو: سری لنکا میں شدید طوفان کے بعد پاک بحریہ کی امدادی کارروائیاں تیسرے روز بھی جاری رہیں، جن کے دوران پھنسے ہوئے خاندانوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیلاب متاثرہ سری لنکا میں پاک بحریہ کے جہاز سیف پر موجود ہیلی کاپٹر نے پانچ دن سے پھنسے ہوئے ایک خاندان کو ریسکیو کیا، جس میں سات ماہ کا بچہ بھی شامل تھا۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ کے تعاون سے عملے نے اونچے سیلابی پانی میں گھرے متاثرین کو گھروں کی چھتوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
مشکل موسمی حالات اور شدید سیلاب کے باوجود ریسکیو آپریشن کامیابی سے جاری رہا۔ جہاز سیف اپنی تعیناتی کے دوران مختلف امدادی سرگرمیاں سرانجام دے رہا ہے، جن میں ریسکیو، ریلیف اور طبی معاونت شامل ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ یہ انسانی ہمدردی پر مبنی کوششیں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستی، علاقائی یکجہتی اور باہمی تعاون کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہیں، اور ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کرتی ہیں
