کراچی: گزشتہ روز سے لاپتا رہنے والے بن قاسم تھانے کے سب انسپکٹر لال بخش منظر عام پر آ گئے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ شب ایس ایچ او بن قاسم نے انہیں کمرے میں بلایا اور کہا کہ زیر حراست ملزم کو مقابلے میں ہلاک کریں، انکار پر ایس ایچ او نے ان پر تشدد کیا۔
لال بخش کے مطابق ایس ایچ او نے ان سے سرکاری پستول اور موبائل فون بھی لے لیا۔ تھانے سے نکلتے ہوئے انہیں چار افراد نے اغوا کر لیا۔ سب انسپکٹر نے بتایا کہ مسلح افراد انہیں دور ویرانے میں چھوڑ کر فرار ہوگئے، جس کے بعد انہوں نے راہ گیر سے لفٹ لی اور اس کے فون سے 15 پر کال کی۔
پولیس حکام کے مطابق ایس ایس پی ملیر سب انسپکٹر سے متعلق واقعے کی انکوائری کر رہے ہیں تاکہ واقعے کی تمام تفصیلات سامنے آ سکیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
