English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حیدرآباد میں چلتی ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی، مسافروں میں شدید خوف و ہراس

القمر

حیدرآباد کے قریب پاکستان ریلویز کی ذکریا ایکسپریس ایک غیر معمولی اور تشویشناک واقعے کا شکار ہو گئی، جہاں ٹرین شہر سے گزرتے ہوئے اچانک دو حصوں میں تقسیم ہو گئی، جس کے باعث مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کی ملتان سے کراچی روانہ ہونے والی ٹرین بہاؤالدین زکریا ایکسپریس حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب غیر معمولی حادثے کا شکار ہو گئی۔ ٹرین کے کچھ ڈبے اچانک علیحدہ ہو گئے، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد ٹرین سے اتر گئے۔ خواتین اور بچوں میں شدید گھبراہٹ دیکھی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام، انجینئرنگ عملہ اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر تکنیکی خرابی یا کپولنگ سسٹم میں نقص کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی وجوہات کا تعین تفصیلی تکنیکی معائنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت ٹرین کی آمد و رفت کو عارضی طور پر متاثرہ مقام پر روک دیا گیا ہے، مسافروں کو متبادل سہولیات فراہم کرنے اور ٹرین کو دوبارہ روانہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور ذمہ داری کے تعین کے بعد باضابطہ بیان جاری کیا جائے گا، جبکہ مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے