English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب بھر میں بارش کا سسٹم داخل،پہاڑوں پر برف باری  کی پیش گوئی

القمر

لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش لانے والا موسم کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم کمزور ہے اور آج کے دن بادل چھائیں گے اور دھند یا فوگ کی صورت میں گذر جائے گا۔ تاہم، کل لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاوالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہلکی بارش کے امکانات ہیں، جس سے شہری خشک موسم کی وجہ سے لاحق ہونے والی نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار جیسی بیماریوں سے نجات حاصل کر سکیں گے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب کے پہاڑی اور شمالی علاقے جیسے مری، راولپنڈی، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کے بھی امکانات ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں۔

پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے، اور مری میں سیاحوں کے لیے مختلف فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ وہ محفوظ رہیں۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوگ میں سفر کے دوران ہائی بیم یا فوگ لائیٹس کا استعمال کریں اور حکام کی جانب سے دی گئی حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

بارشوں کے بعد دھند و اسموگ کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے، جس سے نہ صرف موسم خوشگوار ہوگا بلکہ شہریوں کو سانس لینے میں بھی آسانی حاصل ہوگی۔ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں اور سیاحوں کو موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے