چارسدہ: خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، یہ واقعہ شبقدر کے علاقے چھت مٹہ خیرآباد میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے دوران ایک کمرے کی چھت اچانک گر گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ فضل داد نامی شخص کے گھر میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی اور بڑی تعداد میں مہمان موجود تھے، چھت گرنے سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے، جس کے باعث موقع پر ہی 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں پانچ کم عمر بچیاں بھی شامل ہیں جبکہ ایک ہی گھر کے چار افراد حادثے میں جان سے گئے، واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور شادی کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔