English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غزہ بورڈ آف پیس کا ابراہم اکارڈ سے تعلق نہیں، پاکستان آزاد فلسطین کا حامی ہے، دفتر خارجہ

القمر

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کا ابراہم اکارڈ سے تعلق نہیں ہے۔ پاکستان آزاد فلسطین کا حامی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ہفتے صدر مملکت متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے حال ہی میں ڈیوس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے واپسی پر ابوظبی میں اسٹاپ اوور کے دوران اتصالات کے اعلیٰ عہدیداران سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان سے متعلق ٹریول ایڈوائزری کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس سے مزید غیر ملکی اور پاکستانی شہری پاکستان کا سفر کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی ٹریول ایڈوائزری میں پاکستان کو ایک محفوظ ملک کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے جو ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قزاقستان کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ اس دورے کی تاریخوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔

غزہ بورڈ آف پیس سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے خلوصِ نیت سے اس فورم میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ پاکستان سمیت 7 دیگر اہم مسلم ممالک بھی اس بورڈ کا حصہ بنے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بورڈ کے ذریعے پاکستان فلسطین میں امن، تعمیر نو اور بہتری کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس سے متعلق ابراہم اکارڈ سے جوڑنے کے الزامات بے بنیاد ہیں ۔ اس فورم کا ابراہم اکارڈ سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو سزا پاکستان کا داخلی معاملہ ہے۔ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ رابطے میں رہتا ہے، انڈیا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معاہدے پر تبصرہ نہیں کریں گے۔ ڈی آئی خان حملے میں افغان حملہ آور کی شمولیت ایک پیٹرن ہے، اصل میں افغان نیشنلز پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں۔  ڈی آئی خان حملے کا معاملہ دوطرفہ اور دیگر پلیٹ فارمز پر اٹھایا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے