اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی پہلی باضابطہ ملاقات مکمل ہو گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی پہلی باضابطہ ملاقات وزیراعظم آفس میں مکمل ہو گئی، جس میں صوبے کے اہم داخلی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیراعلیٰ کے ہمراہ پی کے کے مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی موجود تھے جبکہ وفاقی سطح سے وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ بھی شریک ہوئے، ملاقات میں حکومتی امور کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا اور صوبے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ملاقات کے دوران وادی تیراہ میں امن و امان کی صورتحال، مقامی جرگہ نظام اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات پر وزیراعظم سے تفصیلی بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران این ایف سی ایوارڈ سے متعلق مالی امور اور وسائل کی تقسیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ صوبے کی ترقی اور انتظامی اصلاحات کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ وزیرِ اعظم نے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے مابین قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے بھی یہ تعاون ناگزیر ہے۔
ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے صوبے کے عوام کی بھلائی اور ملکی مفاد میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے امن و ترقی کے اہداف کو یقینی بنایا جائے گا۔
