English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کی اسلام آباد میں ملاقات، ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل پر زور

القمر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران وزیرِاعلیٰ سندھ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی، وفاقی حکومت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے لیے متعلقہ وزارتوں کے ذریعے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی محکمے صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لائی جا سکے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر پیپلز پارٹی کو وفاق کی اہم اتحادی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے باہمی تعاون سے قومی ترقی کا سفر مزید تیز کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت کو قومی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

شہباز شریف نے مخلوط حکومت کے ایک اہم اتحادی کے طور پر سندھ کی قیادت کے کردار کو سراہا تے ہوئے  کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط روابط جمہوری نظام کو تقویت دیتے ہیں اور عوام کے مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ملاقات میں سندھ کے سیاسی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال اور مشیرِ وزیرِاعظم رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

یہ ملاقات وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے، جس سے سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی فلاح کے شعبوں میں بہتری کی توقع ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے