English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

برطانیہ نے پاکستانی سیاحوں کے لیے نیا ای ویزا سسٹم متعارف کرادیا

القمر

اسلام آباد:برطانیہ نے پاکستانی سیاحوں کے لیے نیا ای ویزا سسٹم شروع کر دیا ہے، جس کے تحت اب پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ویزا کی تصدیق ای میل اور آن لائن ریکارڈ کے ذریعے کی جائے گی۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ نئے نظام کے تحت پاکستانی زائرین برطانیہ کے ویزا کی درخواست آن لائن جمع کرائیں گے اور بایو میٹرک معلومات کے لیے ویزا ایپلی کیشن سینٹر جائیں گے لیکن انہیں اپنے پاسپورٹ واپس لینے کے لیے دوبارہ ویزا سینٹر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ہائی کمشنر کے مطابق کامیاب درخواست گزاروں کو ویزا کا ڈیجیٹل ریکارڈ فراہم کیا جائے گا، جو ان کے “UK Visas and Immigration” اکاوٴنٹ کے ذریعے دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ درخواست دہندگان کو ایک “شیئر کوڈ” بھی دیا جائے گا جس کا استعمال سرحدی چیک پوائنٹس اور دیگر مقامات پر ویزا کی حیثیت ثابت کرنے کے لیے کیا جا سکے گا۔

جین میریٹ نے کہا کہ اس نئے نظام سے پاکستانی شہریوں کے لیے برطانیہ کا سفر پہلے سے کہیں زیادہ آسان، تیز اور محفوظ ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تبدیلی طالب علموں اور ورک ویزا درخواست دہندگان کے لیے گزشتہ سال کامیابی سے متعارف کرائی گئی تھی اور اب سیاحوں کے لیے بھی اسی سہولت کا آغاز ہو گیا ہے۔

برطانوی حکومت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار صرف gov.uk ویب سائٹ پر اپنی درخواست جمع کروائیں اور ویزا ایجنٹس کا استعمال نہ کریں، تاکہ ویزا حاصل کرنے کا عمل تیز اور شفاف رہے۔

اس نئے ای ویزا سسٹم کے ذریعے پاکستانی شہری برطانیہ کے لیے ویزا حاصل کرنے میں وقت کی بچت کریں گے اور پاسپورٹ کے لیے اضافی سفر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے