ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ہائی الرٹ، ایمرجنسی نافذ

لاہور: پنجاب بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ صوبے کے تمام ایمرجنسی وارڈز 24 گھنٹے مکمل طور پر فعال رہیں گے اور مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو اسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز اور ریڈیالوجی شعبے بھی مسلسل کام کرتے رہیں گے تاکہ کسی بھی حادثے یا ہنگامی کیس میں تاخیر نہ ہو۔

اس کے ساتھ ساتھ ماہر ڈاکٹروں، خصوصاً فزیشنز، سرجنز اور آرتھوپیڈک سرجنز کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

نرسنگ اسٹاف، پیرامیڈیکس اور دیگر معاون عملے کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور شفٹ وائز ڈیوٹی روسٹر پر سختی سے عملدرآمد کا کہا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے اسپتالوں کو ادویات، آئی وی فلوئیڈز اور سرجیکل آلات کا وافر ذخیرہ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید برآں ٹراما اور سرجیکل ایمرجنسی کے انتظامات مکمل رکھنے پر زور دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی غفلت کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔ صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت یہ پیشگی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں