عمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے کشیدگی میں کمی کی کوششوں پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق عمانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمانی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ ایران کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات پر تیار ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں میں شدت آ چکی ہے، جبکہ ایران بھی جوابی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی حملوں میں ایرانی بحریہ کا ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج ایران کی بحری قوت کو نشانہ بنا رہی ہے اور اب تک ایرانی بحریہ کے 9 جنگی جہاز تباہ کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی جہازوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے ایران کی بحریہ کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باقی ماندہ ایرانی جنگی جہاز بھی جلد سمندر برد کر دیے جائیں گے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے اپنے بی ٹو اسٹیلتھ بمبار طیارے براہِ راست امریکا سے روانہ کیے، جنہوں نے ایران کے زیر زمین اور مضبوط میزائل ٹھکانوں پر دو ہزار پاؤنڈ وزنی بموں سے حملے کیے۔
دوسری جانب ایران کی فوج نے جوابی کارروائی میں سیکڑوں میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے اتوار کو ایرانی حملوں میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور پانچ اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
