English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹرول پمپس پر قلت کے خدشات، حکومت کا ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

القمر

کراچی:ملک میں پیٹرول کی دستیابی سے متعلق خدشات سامنے آنے لگے ہیں، جہاں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بعض پیٹرول پمپس پر قلت شروع ہونے کا دعویٰ کیا ہے، وہیں حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے کہا کہ ملک میں اچانک پیٹرول کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث مختلف پیٹرول پمپس پر قلت کے آثار ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، کئی پیٹرول پمپس کو معمول کی فروخت کے مقابلے میں اوسطاً پچاس فیصد کم پیٹرول فراہم کیا جا رہا ہے جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری بڑی مقدار میں پیٹرول خرید کر ذخیرہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پمپس پر رش اور بعض مقامات پر جھگڑوں کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں،شہر کے متعدد پیٹرول پمپس خشک ہونے کے قریب ہیں اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو امن و امان کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکس فوری طور پر ختم کیے جائیں اور پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ نہ کیا جائے کیونکہ اس کا سب سے زیادہ بوجھ غریب اور موٹر سائیکل استعمال کرنے والے طبقے پر پڑتا ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے بھی مطالبہ کیا کہ پیٹرول پمپس کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

عبدالسمیع خان نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر ہونے کا دعویٰ درست نہیں اور ڈیلرز کو مطلوبہ مقدار میں پیٹرول فراہم نہیں کیا جا رہا، اگر قیمتوں میں مزید بڑا اضافہ کیا گیا تو ڈیلرز کے لیے اتنا مہنگا پیٹرول فروخت کرنا مشکل ہو جائے گا اور بعض پمپس بند بھی کرنا پڑ سکتے ہیں۔

دوسری جانب حکومت اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے کافی ذخائر موجود ہیں جو قومی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔ اوگرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور غیر ضروری طور پر پیٹرول خرید کر ذخیرہ کرنے سے گریز کریں۔

اوگرا کے ترجمان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی یا انہیں غیر مجاز مقامات پر رکھنے میں ملوث افراد یا اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکومت نے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کو متحرک کریں تاکہ کسی بھی جگہ ذخیرہ اندوزی کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

اوگرا کا کہنا ہے کہ اس کے خصوصی معائنہ ٹیمیں بھی فیلڈ میں موجود ہیں جو آئل ڈپوز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس پر پیٹرول کے ذخائر اور سپلائی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ ملک میں ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے