English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے سنگین اثرات ہو سکتے ہیں، امیرِ قطر

القمر

دوحہ: قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن اور سلامتی کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیرِ قطر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران کی جانب سے قطر اور خطے کے دیگر ممالک کو نشانہ بنانے والے حملوں کے تناظر میں علاقائی حالات کا جائزہ لیا۔

امیرِ قطر نے گفتگو کے دوران کہا کہ موجودہ کشیدگی عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرناک نتائج پیدا کر سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ بحران کو قابو میں لانے اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کی جائیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قطر اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

قطری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے اور دنیا میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سیاسی و سفارتی راستوں کو فروغ دیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ ایران نے 28 فروری سے اسرائیل اور خلیجی ممالک کی جانب میزائل اور ڈرون حملے شروع کیے تھے، خصوصاً ان ممالک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں امریکی فوجی تنصیبات موجود ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں بعض شہری علاقوں، بندرگاہوں اور رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

ایران کا کہنا ہے کہ یہ حملے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی کے ردعمل میں کیے جا رہے ہیں، جس میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے، جن میں اعلیٰ فوجی حکام بھی شامل ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے