پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عید کے موقع پر اہل خانہ سے ملاقات کی سہولت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے خط میں کہا کہ قیدیوں کو اہل خانہ سے ملاقات کا حق قانونی اور انسانی ہمدردی کے تحت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جیل مینوئل اور عدالتی احکامات کے باوجود بنیادی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹ تشویشناک ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ قیدیوں کو ملاقات کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی قانونی ذمہ داری ہے اور قانون کی روشنی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ان کے حقوق دلانے کے لیے فوری ہدایات جاری کی جائیں۔
خط میں وزیراعلیٰ نے اس امر پر زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کے حقوق نہ صرف قانونی بلکہ انسانی نقطہ نظر سے بھی یقینی بنائے جائیں تاکہ قیدیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہو سکے۔
