نئی دہلی: دہلی اسمبلی کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد سکیورٹی ایجنسیوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
منگل کی دوپہر تقریباً 1 بجکر 40 منٹ پر اسمبلی سیکرٹریٹ کو ایک مشتبہ ای میل موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اسمبلی کمپلیکس میں 16 آر ڈی ایکس آئی ای ڈی نصب کیے گئے ہیں۔
دھمکی ملتے ہی دہلی پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیا۔
موصولہ ای میل میں دھمکی دینے والے شخص نے کہا کہ اگر فوری طور پر عمارت کو خالی نہ کرایا گیا تو زوردار دھماکا ہو سکتا ہے۔
ای میل میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ دھماکا خیز مواد مختلف مقامات پر نصب کیا گیا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس اطلاع کے بعد اسمبلی احاطے میں ہنگامی بنیادوں پر تلاشی مہم شروع کر دی گئی۔
ای میل بھیجنے والے نے خود کو کوئمبٹور کا رہائشی بتایا اور کہا کہ وہ پہلے ایک سیاسی جماعت کا حامی رہا ہے۔
اس نے الزام لگایا کہ اسے سیاسی لیڈروں نے دھوکادیا اور اس کی مدد نہیں کی گئی، ای میل میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دھمکی بھی دی گئی، جس کے بعد معاملہ مزید سنجیدہ ہو گیا۔
دھمکی ملنے کے فوراً بعد اسمبلی کمپلیکس میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیموں کو طلب کیا گیا۔
پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ہر داخلی و خارجی راستے پر نگرانی بڑھا دی گئی، اسمبلی عمارت کے اندر اور اطراف میں مکمل تلاشی مہم چلائی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ختم کیا جا سکے۔
سکیورٹی ایجنسیاں ای میل بھیجنے والے کی شناخت اور اس کے پس منظر کا پتہ لگانے میں مصروف ہیں۔ سائبر سیل کی ٹیم ای میل کے سورس کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی جانچ میں کوئی مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی، تاہم سکیورٹی میں نرمی نہیں برتی جا رہی۔ حکام نے کہا کہ اسمبلی کمپلیکس میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ہر سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
