نواب شاہ: شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور مسافر بسوں کے رش پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کو شہر کے مرکزی علاقوں سے باہر منتقل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں کمشنر شہید بینظیر آباد شہمیر خان بھٹو نے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی اور اسسٹنٹ کمشنر اقبال احمد تنیو کے ہمراہ جمعرات کو مجوزہ نئے اڈوں کے مقامات کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کمشنر شہمیر خان بھٹو نے افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ نئے مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتقلی کے عمل کو بغیر کسی تنازع کے مکمل کرنے کے لیے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ باقاعدہ مشاورت کی جائے گی تاکہ ضلعی انتظامیہ کے اس احسن اقدام پر جلد از جلد عملدرآمد ممکن ہو سکے۔
اس فیصلے سے شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ مسافر سہولت میں بھی اضافہ ہوگا اور شہری علاقوں میں ٹریفک کے باعث پیدا ہونے والے شور اور آلودگی میں کمی آئے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ نئے اڈوں کی منتقلی کا عمل مؤثر اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
