کراچی: پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 29 مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے جس کے پیش نظر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام متعلقہ حکام اور آپریشنل اسٹاف الرٹ رہیں۔
پی اے اے نے بڑے حادثے سے بچنے کے لیے رن وے فریکشن چیک کرنے اور نکاسی آب کے راستے صاف رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے پرندوں اور کیڑے مکوڑوں سے نمٹنے کے لیے برڈ شوٹرز کی تعیناتی اور فیومیگیشن کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارش برسانے والے نئے سسٹم کے حوالے سے الرٹ جاری کیا تھا، جس کے مطابق 29 مارچ تک صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کراچی میں آج بھی کہیں کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 27 مارچ کو موسم میں عارضی وقفہ آئے گا، تاہم 28 اور 29 مارچ کو دوبارہ بارشوں کا امکان ہے۔شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جائے گا۔اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے اور 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
