خیبر پختونخوا میں بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے سوات، بنوں، ہنگو، نوشہرہ، ٹانک، باجوڑ، کرک، پاراچنار، ملاکنڈ اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 47 زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بارشوں سے 6 مکانات کو نقصان پہنچا، جبکہ زیادہ تر حادثات بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں منگل تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان برقرار ہے۔
ادھر پنجاب کے سرگودھا، بھکر، لودھراں، وہاڑی، چنیوٹ، حافظ آباد اور بہاولپور سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
