ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

7 برس بعد پی آئی اے کا طیارہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ

لندن: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی کے 785 لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کر گئی ہے جس کے بعد قومی پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے براہ راست فضائی خدمات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

پرواز کے لندن پہنچنے پر ہیتھرو ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی، جہاں برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے ایئرپورٹ پر پرواز کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر ہیتھرو ایئرپورٹ انتظامیہ نے دونوں ممالک کے پرچموں کے ساتھ طیارے کا استقبال کیا۔ ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے پی آئی اے کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کیک کاٹا۔

ڈاکٹر فیصل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا ہیتھرو کے لیے آپریشنل ہونا ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروازیں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے دل کی آواز ہیں اور ان فضائی رابطوں کو مستقبل میں مزید وسعت دی جانی چاہیے۔

ہیتھرو ایئرپورٹ کے ترجمان نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ساتھ ان کا تعلق 7 دہائیوں پر محیط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارا ایک پرانا دوست واپس آ گیا ہے اور ہم اسے تہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ پی آئی اے کی جانب سے لندن کے لیے پروازوں کی بحالی سے نہ صرف مسافروں کی مشکلات کم ہوں گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو بھی ایک نئی تقویت ملے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی سفر میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے بعد سے ہی تارکین وطن میں خاصی خوشی پائی جاتی ہے۔

اب قومی ایئرلائن کی ہیتھرو واپسی سے برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے سفر کی سہولت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور یہ سلسلہ مستقبل میں مزید پروازوں کے اضافے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں