English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مشرق وسطیٰ کی جنگ، پاکستان میں مہنگائی مزید بڑھنے کے خدشات

القمر

اسلام آباد: مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ماہانہ اقتصادی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی کا تناسب 7.5 سے 8.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں ملکی صنعتی لاگت بڑھنے کا خدشہ ہے۔ وزارت خزانہ نے کہا کہ تیل مہنگا ہونے سے درآمدی بل میں اضافہ ہوگا، تاہم ان تمام چیلنجز کے باوجود ملکی معیشت کے مستحکم رہنے کی امید ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مالی خسارہ 64.7 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جبکہ پرائمری بیلنس 4 ہزار 151 ارب روپے رہا ہے۔ اسی عرصے کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ نمایاں کمی کے بعد 70 کروڑ ڈالر تک محدود ہو گیا ہے جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔

حکومت نے بتایا کہ جولائی تا فروری کے دوران ترسیلات زر میں 10.5 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور یہ 18.12 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، تاہم اس دوران ملکی برآمدات میں 5.4 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ درآمدات بھی 8.8 فیصد کم ہو کر 41.8 ارب ڈالر پر آ گئیں، جس سے زرمبادلہ بچانے میں مدد ملی ہے۔

وزارت خزانہ نے مزید کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.75 فیصد بہتری آئی ہے اور ٹیکسٹائل مشینری کی درآمد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں بہتری سے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا مل رہا ہے اور حکومت توانائی کے اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

ٹیکس وصولی کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹیکس ریونیو 10.6 فیصد بڑھ کر 8 ہزار 122 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ حکومت زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی پر بھی توجہ دے رہی ہے، جہاں 7 ماہ میں قرضوں کی تقسیم میں 11 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

مجموعی طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 24.6 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 16.4 ارب ڈالر کی سطح پر ہیں۔ وزارت خزانہ نے معاشی منظرنامے کو محتاط طور پر مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی شعبے کی بحالی سے معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے