English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران امریکا مذاکرات کوئی معجزہ نہیں، صبر آزما سفارتکاری کا نتیجہ ہے، پاکستانی سفیر

القمر

واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا کسی معجزے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک طویل اور مسلسل سفارتی عمل کا ثمر ہے، جس میں صبر، حکمت عملی اور فریقین کی سنجیدہ کوششیں شامل رہی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ پیش رفت کے پیچھے کئی ہفتوں پر محیط سفارتی سرگرمیاں کارفرما رہی ہیں، جن میں مختلف ممالک اور اداروں کی کوششوں نے اہم کردار ادا کیا اور اسی تسلسل نے مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس عمل میں فعال کردار ادا کیا ہے اور اس کی سفارتی کوششوں کو تمام متعلقہ فریقین نے مثبت انداز میں لیا، جس کے نتیجے میں جنگ بندی اور مذاکرات کے انعقاد کی راہ ہموار ہوئی، جو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کا آغاز خود ایک بڑی کامیابی ہے اور اس عمل کو جاری رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی مستقل معاہدے تک پہنچا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور طویل المدتی سفارتی کوششوں کو جاری رکھے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت سے نہ صرف ایران اور امریکا کے تعلقات میں بہتری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی نئی راہیں کھل سکتی ہیں، بشرطیکہ یہ مذاکرات تسلسل کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے ایرانی وفد گزشتہ شب پاکستان پہنچ چکا ہے جب کہ امریکی وفد کی آمد بھی آج متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے