راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کروا دی گئی، جہاں انہوں نے آنکھ کے آپریشن کے بعد اپنی اہلیہ کی عیادت کی اور ان کی صحت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
جیل ذرائع کے مطابق یہ ملاقات تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی، جس کے دوران بشریٰ بی بی نے اپنی بیٹیوں سے ہونے والی حالیہ ملاقات اور گفتگو سے بھی آگاہ کیا،اس موقع پر فیملی کی جانب سے چاکلیٹس اور دیگر اشیاء بھی فراہم کی گئیں، جو بیٹیوں کی ملاقات کے بعد وکیل کے ذریعے جیل پہنچائی گئیں۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کو آنکھ کی کامیاب سرجری کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر کے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ جیل حکام کے مطابق انہوں نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی تھی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر راولپنڈی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق 16 اپریل کی شام انہیں اسپتال لایا گیا جہاں سرجری سے قبل تمام ضروری طبی معائنے اور ٹیسٹ مکمل کیے گئے۔ ماہرین امراض چشم نے معائنے کے دوران ان کی دائیں آنکھ میں ریٹینا الگ ہونے کی تشخیص کی، جس کے بعد فوری آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ سرجری معروف ماہر امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور ان کی ٹیم نے انجام دی، جو کامیاب رہی۔ اسپتال میں ایک رات قیام کے بعد بشریٰ بی بی کو ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ طبی حکام کے مطابق ان کی حالت اب تسلی بخش ہے۔
ڈاکٹروں نے ہدایت کی ہے کہ آپریشن کے بعد کے معائنے اور فالو اپ باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں تاکہ مکمل صحت یابی یقینی بنائی جا سکے،اسپتال میں قیام کے دوران بشریٰ بی بی سے ان کی بیٹیوں اور بہن کی ملاقات بھی کروائی گئی، جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
بعد ازاں سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی مزید دیکھ بھال جاری ہے، حکام ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی پیچیدگی سے بروقت نمٹا جا سکے۔