ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اسلام آباد مذاکرات کا دوسرا مرحلہ:سیکیورٹی انتظامات پر امریکی اور ایرانی سفیر مطمئن

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ  محسن نقوی نے امریکی اور ایرانی سفرا سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات کے دورے دور اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

محسن نقوی نے سفارتی انکلیو میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔  اس موقع پر اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے کیے گئے فول پروف سیکیورٹی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

امریکی سفیر نے خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں اور کردار کی تعریف کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان تمام عالمی مہمانوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور مذاکرات کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لیے پرامید ہے۔

وزیر داخلہ نے اس کے بعد ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے بھی ملاقات کی جس میں پاک ایران دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین سفارتی اور مذاکراتی چینلز کے ذریعے مسائل کے حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورہ ایران کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے کیونکہ خطے کا پائیدار امن اسی راستے سے ممکن ہے۔

ایرانی سفیر نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ اپنے دہائیوں پر محیط تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے کوشاں ہے۔

ملاقاتوں میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ عالمی اور علاقائی تنازعات کا دیرپا حل صرف مذاکرات ہی ہیں۔

وزیر داخلہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت پاکستان سیکیورٹی کی بہترین فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ مہمان وفود کے لیے ماحول سازگار رہے، اور پاکستان خطے میں امن کا گہوارہ بن سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں