واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اے آئی تصاویر کے ساتھ غنڈہ گردی پر اتر آئے ، ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر جوہری مذاکرات پر فوری آمادگی اختیار کرنے کی سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کو حالات کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے جلد ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔
اپنے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں امریکی صدر نے ایرانی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران موجودہ صورتحال کو درست انداز میں سنبھالنے میں ناکام ہو رہا ہے اور اسے یہ بھی معلوم نہیں کہ جوہری ہتھیاروں سے پاک معاہدوں کی درست حکمت عملی کیا ہوتی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں زور دیتے ہوئے کہا کہ دانش مندی اسی میں ہے کہ ایران فوری طور پر مذاکرات کی میز پر آئے اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکے۔ انہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ ایک ہتھیار کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں، جس پر جملہ درج تھا،اب مزید نہیں، اچھے ساتھی۔
یاد رہے کہ خطے میں امریکا اور اسرائیل کے درمیان ایران کے خلاف کشیدگی کے بعد سے حالات مسلسل بگڑتے رہے ہیں جبکہ مختلف مراحل پر فوجی کارروائیوں اور فضائی حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ بعد ازاں بعض کوششوں کے نتیجے میں عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا، کشیدگی مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کی ایک بڑی وجہ بحری راستوں اور آبی گزرگاہوں سے متعلق تنازعات ہیں، جن میں آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بھی شامل ہے۔ اس صورتحال نے عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق ایران نے حال ہی میں امریکا کو ایک نئی سفارتی تجویز بھی پیش کی ہے، امریکی صدر کی جانب سے اس پر عدم اطمینان ظاہر کیا گیا ہے اور سخت لہجے میں دباؤ برقرار رکھنے کی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے۔