چمن: پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے مبینہ بلااشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد چوکیوں اور گاڑیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ دوسری جانب پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق چمن سیکٹر میں سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر اور بھرپور ردعمل دیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کی کئی چوکیوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی کارروائیوں کے بعد افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ ملکی دفاع اور سرحدی سالمیت کے تحفظ کے لیے فورسز مکمل طور پر متحرک ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ پاک فوج کا آپریشن “غضب للحق” اپنے مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔