اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے مختلف دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ کر رہا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدگی کسی بھی وقت ایک نئے تنازع کو جنم دے سکتی ہے۔
فرانسیسی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول زرداری نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال، پاک بھارت تعلقات، دہشت گردی اور مشرق وسطیٰ کی کشیدگی پر تفصیلی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلسل دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور اس جنگ میں پاکستانی عوام اور سیکیورٹی اداروں نے بھاری قربانیاں دی ہیں، اس کے باوجود خطے میں بعض عناصر عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ بھارت بھی اس خطرے سے متاثر ہے، اسی لیے دونوں ممالک کو الزام تراشی کے بجائے مذاکرات اور تعاون کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان بامعنی مذاکرات ناگزیر ہیں، کیونکہ مسلسل کشیدگی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن اور ترقی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
آبنائے ہرمز اور ایران امریکا کشیدگی سے متعلق سوال پر بلاول زرداری نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں ہے۔ ان کے مطابق اگر ایران اور امریکا کے درمیان تنازع دوبارہ شدت اختیار کرتا ہے تو اس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا متاثر ہوگی۔
