پنجاب کے مختلف شہریوں کیلئے آئندہ دنوں میں موسم کی صورتحال تشویشناک قرار دی جا رہی ہے، محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی پنجاب کیلئے شدید موسمی نظام کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 مئی کے دوران صوبے کے متعدد اضلاع میں ایک طاقتور موسمی سلسلہ فعال ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں شدید طوفانی حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ ماہرین نے اس دوران “سپر سیل” کے بننے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جو عموماً انتہائی خطرناک موسمی صورتحال کا سبب بنتا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق لاہور، قصور، پتوکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کا امکان موجود ہے۔ بعض علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے، جو فصلوں، گاڑیوں اور کمزور انفراسٹرکچر کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جبکہ تیز رفتار ہوائیں درختوں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور تعمیرات کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں۔
صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کھلے مقامات پر پناہ لینے سے بچیں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔
