English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کے جزیرہ خارگ کے ساحل سے تیل کے اخراج کی اطلاعات موصول

القمر

امریکی ذرائع ابلاغ نے سیٹیلائٹ تصاویر کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے اہم تیل بردار جزیرے خارگ کے قریب سمندر میں تیل کے اخراج کے آثار سامنے آئے ہیں، جس کے بعد خطے میں ماحولیاتی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مرکزی تیل برآمدی مرکز جزیرہ خارگ کے ساحلی علاقے سے بڑی مقدار میں تیل سمندر میں پھیلتا دکھائی دے رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر اخراج کی اصل وجہ واضح نہیں ہو سکی، تاہم سیٹیلائٹ تصاویر میں ساحلی پٹی کے قریب تیل کے بڑے دھبے نمایاں طور پر دیکھے گئے ہیں۔

تیل کے اخراج کی نگرانی کرنے والے ادارے آربیٹل ای او ایس کے مطابق پھیلنے والا تیل تقریباً 52 مربع کلومیٹر کے رقبے تک پھیل چکا ہے اور سمندری بہاؤ کے باعث اس کا رخ سعودی عرب کے سمندری حدود کی جانب دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو یہ اخراج خلیجی پانیوں کیلئے ماحولیاتی خطرہ بن سکتا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جزیرہ خارگ ایران کی تیل برآمدات میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، جہاں ملک کا سب سے بڑا آئل ٹرمینل، تیل ذخیرہ کرنے کے وسیع ٹینک، پائپ لائنز اور دیگر اہم تنصیبات موجود ہیں۔ ایران کی بڑی مقدار میں خام تیل کی ترسیل اسی جزیرے کے ذریعے عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔

تاحال ایرانی حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، جبکہ بین الاقوامی مبصرین صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق جزیرہ خارگ جیسے حساس توانائی مرکز میں کسی بھی نوعیت کا تیل اخراج نہ صرف معاشی بلکہ ماحولیاتی سطح پر بھی دور رس اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے