English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کا آبنائے ہُرمز پر کنٹرول مزید سخت کرنے کا فیصلہ،  لیگل رجیم بل  منظوری کیلیے گارڈین کونسل کو ارسال

القمر

ایران نے آبنائے ہُرمز میں اپنی گرفت مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم ’’لیگل رجیم بل‘‘ تیار کرلیا ہے جسے منظوری کے لیے گارڈین کونسل کو بھیج دیا گیا ہے۔

 ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اگر یہ بل منظور ہوجاتا ہے تو یہ باقاعدہ قانون کی حیثیت اختیار کرلے گا، جس کے بعد پاسدارانِ انقلاب کو آبنائے ہُرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے اور اُنہیں گزرنے کی اجازت دینے یا روکنے کے وسیع اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔

ایرانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے اس حوالے سے بتایا کہ ایرانی پارلیمنٹ کی سرگرمیاں بحال ہوتے ہی اس بل کی منظوری متوقع ہے، قومی سلامتی اور بحری حدود کے تحفظ کے لیے یہ قانون ناگزیر سمجھا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ فروری کے آخر میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس آج منعقد ہورہا ہے، جہاں اس بل پر باضابطہ پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب سپریم لیڈر کے مشیرمحمد مخبر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آبنائے ہُرمز کی جغرافیائی حیثیت ایران کے لیے غیر معمولی دفاعی اہمیت رکھتی ہے، یہ مقام ایران کی اصل طاقت بن چکا ہے اور دنیا اب اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کرسکتی، آبنائے ہُرمز عالمی معیشت، تیل کی ترسیل اور بین الاقوامی تجارت کے لیے حساس ترین گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے۔

محمد مخبر نے اعتراف کیا کہ ایران نے کئی دہائیوں تک اپنی اس جغرافیائی برتری سے مکمل فائدہ نہیں اٹھایا، اسرائیل اور امریکا کی جانب سے مسلط کردہ حالیہ جنگ نے تہران کو اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے پر مجبور کردیا ہے، ایران اب آبنائے ہُرمز کے نظام میں بڑی تبدیلیاں لانے کی کوشش کرے گا، خواہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں ہوں یا یکطرفہ نوعیت کے۔

ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہُرمز پر کنٹرول ایسا مؤثر ہتھیار ہے جس کے ذریعے عالمی تیل منڈیوں، توانائی کی رسد اور بحری تجارت پر براہِ راست اثر ڈالا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو اسرائیل اور امریکا کے حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت اعلیٰ ایرانی عسکری قیادت کے شہید ہونے کے بعد ایران نے آبنائے ہُرمز بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے