نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر سامنے آ رہا ہے، جبکہ چین کے ساتھ اشتراک اس شعبے میں نئی راہیں کھول رہا ہے۔
پاکستان ڈیجیٹل اکنامک سینٹر کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین مختلف شعبوں میں مشترکہ ترقیاتی اقدامات کو آگے بڑھا رہے ہیں، جن میں خاص طور پر رابطہ کاری کے نظام اور انفرااسٹرکچر کی بہتری شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت باہمی تعاون کے ذریعے ترقی کے اہداف کی جانب پیش رفت کر رہی ہے۔ چین اب ڈیجیٹل معیشت کے میدان میں ایک جامع اور جدید راہداری قائم کر رہا ہے، جس سے خطے میں ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مجوزہ ڈیجیٹل راہداری نہ صرف اقتصادی تعاون کو فروغ دے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی، جس سے نوجوانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ حکومت تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں بھی چین کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کو عوامی فلاح کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ نوجوان نسل کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور آئندہ برسوں میں یہ ملک خطے میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری کا ایک اہم مرکز بن سکتا ہے۔
