ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

چین اور امریکا کو محاذ آرائی کے بجائے باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے: چینی صدر

چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین، صدر ٹرمپ کی میزبانی کو اپنے لیے باعثِ مسرت سمجھتا ہے جبکہ ان کا موجودہ دورۂ چین دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت کی حیثیت رکھتا ہے۔

تقریب سے خطاب میں چینی صدر نے کہا کہ انہوں نے امریکی صدر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، عالمی صورتحال، تجارت، معیشت اور اسٹریٹجک معاملات سمیت مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ چین اور امریکا کے درمیان تعاون نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔

شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ اختلافات کے بجائے اشتراک اور باہمی اعتماد کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، دونوں قیادتوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ چین اور امریکا اپنے تعلقات کو مزید مستحکم اور متوازن سمت میں آگے بڑھائیں گے۔

چینی صدر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ چین کی قومی ترقی کے وژن اور امریکا کے “امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے” کے تصور میں تصادم کے بجائے ہم آہنگی پیدا کی جا سکتی ہے، دونوں طاقتیں ایک دوسرے کی ترقی میں رکاوٹ بننے کے بجائے عالمی استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کردار ادا کر سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین اور امریکا کے تعلقات دنیا کے اہم ترین دوطرفہ روابط میں شمار ہوتے ہیں اور ان دونوں ممالک پر عالمی سطح پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ان کے بقول دنیا کے 8 ارب انسانوں کے بہتر مستقبل کے لیے دونوں طاقتوں کو مل کر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی میزبانی کو غیرمعمولی قرار دیا اور کہا کہ چین میں ان کا استقبال انتہائی گرمجوشی اور احترام کے ساتھ کیا گیا، شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں نہایت تعمیری اور مثبت رہیں، جن میں مختلف اہم امور پر کھل کر بات چیت ہوئی۔

امریکی صدر نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور دونوں ممالک کے پاس مشترکہ خوشحالی اور ترقی پر مبنی مستقبل تعمیر کرنے کا ایک سنہری موقع موجود ہے، امریکا اور چین کے تعلقات عالمی تاریخ کے سب سے اہم تعلقات میں شمار کیے جا سکتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی گفتگو کے اختتام پر چینی صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ کو 24 ستمبر کو امریکا کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں