لاہور: پنجاب میں ہوائی اڈوں اور فضائی فوجی اڈوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے میں فضائی اڈوں اور ہوائی اڈوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، جبکہ ان علاقوں میں کبوتربازی، شعاعی روشنیوں کے استعمال اور آلائشیں یا گوشت پھینکنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے اور پابندیوں کا اطلاق پنجاب بھر میں تیس روز تک برقرار رہے گا۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ سرگرمیاں پروازوں کے نظام میں رکاوٹ پیدا کرنے کے ساتھ فضائی حفاظت کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہیں، جبکہ یہ احکامات صوبے بھر کے تجارتی ہوائی اڈوں کی حدود میں بھی نافذ العمل ہوں گے۔