English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عوام پر نیا بوجھ: آئی ایم ایف کی پیٹرولیم لیوی میں 18 فیصد اضافے کی بڑی تجویز

القمر

اسلام آباد: آئی ایم ایف مشن کے دورے کے دوران حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف پر بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق فریقین نے بجٹ کے بیشتر اہم نکات پر اتفاق رائے پیدا کر لیا ہے۔

آئی ایم ایف نے حکومتی ریونیو بڑھانے کے لیے پیٹرولیم لیوی کی شرح میں 18 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس وقت پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 108 روپے 17 پیسے وصول کی جا رہی ہے جس میں مزید اضافے سے عوام پر بوجھ بڑھ سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق معاشی اصلاحات کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے لیے نئی ٹیکس چھوٹ نہ دینے اور موجودہ مراعات کو 2035 تک مرحلہ وار ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح صوبوں کو 430 ارب روپے اضافی ریونیو اکٹھا کرنے کا ٹارگٹ بھی سونپا گیا ہے۔

آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے وفاق کو تقریباً 2 ٹریلین روپے کا سرپلس فراہم کریں۔ ایف بی آر کے لیے دسمبر 2026  تک 7022 ارب روپے کا ششماہی ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ آئندہ سال ملکی مالی ضروریات 21  ارب ڈالر متوقع ہیں۔

مذاکرات کے دوران آئندہ مالی سال میں معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف نے بجٹ میں 430  ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات تجویز کیے ہیں۔

دریں اثنا سماجی تحفظ کے حوالے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی رقم میں اضافے پر اتفاق ہوا ہے۔ اس پروگرام کی رقم 14500 سے بڑھا کر 18000 روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے مستحق افراد کو براہ راست ریلیف ملے گا۔

پاکستان کی معاشی ٹیم ان تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے کوشاں ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام کے لیے سخت فیصلوں پر پیشرفت جاری ہے اور عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ تمام معاملات جلد طے پا جائیں گے جس سے معاشی بہتری کی راہ ہموار ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے