English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ٹی آئی نے قائمہ کمیٹیوں میں واپسی پر غور شروع کردیا

القمر

اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارلیمانی سیاست میں فعال کردار بڑھانے کے لیے قائمہ کمیٹیوں میں واپسی پر غور شروع کردیا ہے جبکہ پارٹی کی پارلیمانی قیادت نے فوری عملدرآمد کے لیے اہم قرارداد بھی پیش کردی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں میں واپسی سے متعلق قرارداد ارکان کے سامنے پیش کی گئی جسے اکثریتی پارلیمنٹیرنز کی حمایت حاصل ہوئی۔ قرارداد میں بانی چیئرمین عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کو مرکزی ترجیح قرار دیا گیا جبکہ عمران خان کی صحت، سکیورٹی اور ذاتی معالج تک رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ بھی شامل کیا گیا۔

قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پارلیمان، عدالتوں اور عوامی فورمز پر بھرپور انداز میں آواز اٹھائی جائے گی۔ مہنگائی، بے روزگاری اور انسانی حقوق کی صورتحال کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائلز کے خلاف قانونی اور آئینی اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی، جبکہ پارلیمانی کارکردگی کا ماہانہ جائزہ لینے اور میڈیا ٹاکس، پریس کانفرنسز اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔

پارٹی قیادت نے واضح کیا کہ فلور اسٹریٹیجی، واک آؤٹس اور ووٹنگ پارٹی ہدایات کے مطابق ہوگی جبکہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ قرارداد کی منظوری کے بعد اسے فوری طور پر نافذ العمل کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں چھ گھنٹے سے زائد جاری رہا، جس میں مذاکرات کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو دے دیا گیا۔ اس حوالے سے منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ محمود خان اچکزئی جو بھی فیصلہ کریں گے، پارلیمانی پارٹی اسے قبول کرے گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بھوک اور افلاس کی صورتحال تشویشناک ہے، اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آئین کے دفاع کے لیے تحریک چلائی جائے گی اور احتجاج پرامن ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آٹھ گھنٹے طویل اجلاس میں ملک کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بشریٰ بی بی کو مناسب سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں جبکہ عمران خان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک غیر آئینی اور غیر انسانی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے