English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران امریکا مذاکرات کی حکمت عملی پرغور:  ٹرمپ کابینہ کا غیر معمولی اجلاس طلب

القمر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ کا ایک غیر معمولی اجلاس طلب کیا ہے، جس میں ایران سے مذاکرات، امریکی حکمت عملی سمیت اہم قومی اور عالمی امور پر غور کیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اجلاس میں تمام کابینہ ارکان شریک ہوں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کابینہ کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے، جسے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس روایتی طور پر وائٹ ہاؤس کے بجائے میری لینڈ کے دیہی علاقے میں واقع صدارتی رہائش گاہ کیمپ ڈیوڈ میں ہو گا۔

رپورٹ کے مطابق اجلاس میں کابینہ کے تمام ارکان شریک ہوں گے جب کہ حال ہی میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گی۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے اپنے شوہر کے کینسر کے علاج اور ذاتی وجوہات کو بنیاد بناتے ہوئے استعفیٰ دیا تھا۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات نازک اور فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ امریکی انتظامیہ تہران کے ساتھ ایک وسیع تر معاہدے کے امکانات اور خطے میں کمزور پڑتی جنگ بندی کی صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ کیمپ ڈیوڈ امریکی صدور کی جانب سے حساس قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی معاملات پر اعلیٰ سطح مشاورت کے لیے استعمال ہونے والی اہم سرکاری رہائش گاہ سمجھی جاتی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • عادل سلطان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے