English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکی شہر ڈلاس میں گیس دھماکا، 3 افراد  ہلاک

القمر

ڈلاس: امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈلاس کے علاقے اوک کلف میں ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس میں گیس دھماکے کے بعد خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں ریسکیو سے ریکوری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس اور مقامی حکام کے مطابق دھماکا عمارت میں گیس لیکیج کے باعث پیش آیا جس کے بعد آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔

ڈلاس فائر ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان جیسن ایونز کے مطابق تین زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک لیکن بہتر بتائی گئی ہے جبکہ دو دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دینے کا امکان ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ دو افراد معمولی زخمی ہوئے جنہوں نے خود اسپتال پہنچ کر علاج کروایا اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ امدادی ٹیموں نے متاثرہ عمارت کے ملبے کی صفائی اور سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

ڈپٹی فائر چیف مارک ڈی بیری نے میڈیا کو بتایا کہ آپریشن اب ریکوری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ملبے سے لاشوں اور ممکنہ متاثرہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے،یہ کارروائیاں مزید کئی گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ وقت تک جاری رہ سکتی ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی انکوائری شروع کر دی گئی ہے جبکہ علاقے کو عارضی طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے رہائشیوں کو محتاط رہنے اور متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے