English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 مسجد اقصیٰ میں اسرائیلیوں کی دراندازی کی شدید مذمت، 8 ممالک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ اعلامیہ

القمر

یروشلم: آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی آبادکاروں کی دراندازی، اسرائیلی پرچم لہرانے اور مقبوضہ مشرقی یروشلم کی تاریخی و قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ کے مشترکہ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یروشلم کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو کسی بھی صورت تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور اس شہر کا موجودہ اسٹیٹس عالمی قوانین اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق برقرار رہنا چاہیے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کا پورا احاطہ صرف مسلمانوں کی عبادت کے لیے مخصوص ہے اور اس مقدس مقام کے تقدس کو پامال کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے،مقدس مقامات کے تقدس کا احترام بین الاقوامی قانون کی بنیادی شرط ہے۔

مشترکہ بیان کے مطابق مسجد اقصیٰ کے انتظامی اور مذہبی امور کی ذمہ داری اردن کے محکمہ اوقاف کے پاس ہے اور اس انتظامی ڈھانچے میں کسی بھی قسم کی مداخلت خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتی ہے۔

وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر تمام اشتعال انگیز اقدامات بند کرے، کیونکہ ایسے اقدامات نہ صرف خطے میں عدم استحکام کو فروغ دیتے ہیں بلکہ امن کی کوششوں کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔

اعلامیے میں فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ مشرقی یروشلم کو مستقبل میں فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیا جانا چاہیے تاکہ دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے