English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکی فوج کا خلیج عمان میں مشکوک آئل ٹینکر پر میزائلوں سے حملہ

القمر

واشنگٹن: امریکی افواج نے خلیج عمان میں ایران کی سمت سفر کرنے والے ایک آئل ٹینکر پر میزائل حملہ کر کے اسے مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا ہے۔

اس کارروائی کے نتیجے میں جہاز کا انجن اور اسٹیئرنگ سسٹم تباہ ہو گیا اور وہ سمندر میں لنگر انداز ہو گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کی کہ پالاؤ کا پرچم بردار جہاز ’ماریویکس‘ فوجی ہدایات کو مسلسل نظر انداز کر رہا تھا۔ حکام نے کہا کہ مشکوک سرگرمیوں کے پیش نظر اسے رکنے کا حکم دیا گیا تھا جس کی تعمیل نہ کرنے پر لڑاکا طیاروں نے اسے نشانہ بنایا۔

سینٹ کام نے مزید کہا کہ یہ جہاز خالی تھا لیکن اس کی ایران کی جانب پیش قدمی مشکوک تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ اقدام بحری گزرگاہوں پر امریکی عمل داری کو یقینی بنانے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف سخت کارروائی کا حصہ ہے۔

مذکورہ کارروائی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا باعث بن رہی ہے کیونکہ امریکا نے حالیہ عرصے میں اپنی بحری نگرانی سخت کر دی ہے۔ حکام کے مطابق اس طرح کی کارروائیاں سمندری حدود کی حفاظت اور خطے میں غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے ناگزیر ہو چکی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 13 اپریل سے اب تک آبنائے ہرمز اور گردونواح میں 7 ایسے جہازوں کو ناکارہ بنایا جا چکا ہے جنہوں نے امریکی فوجی ہدایات کو ہوا میں اڑا دیا تھا۔ اس دوران 134 جہازوں کو اپنی سمت تبدیل کر کے واپس لوٹنے پر مجبور کیا گیا ہے۔

دوسری جانب 42 ایسے جہازوں کو پرامن طریقے سے گزرنے کی اجازت دی گئی جو انسانی امداد کی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی مزید تفصیلات جمع کر رہے ہیں جبکہ سمندری حدود میں اپنی نگرانی کا عمل بدستور جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے