اشفاق سعید
سرینگر//جموں و کشمیر کے محکمہ خوراک، شہری رسد و امور صارفین نے UIDAI کے تعاون سے راشن حاصل کرنے کے لیے چہرے سے آدھار تصدیق کی سہولت شروع کر دی ہے۔اس سہولت کے بعد جموں و کشمیر ملک کا پہلا مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ بن گیا ہے جہاں راشن کی تقسیم کے لیے فیشل اتھنٹی کیشن کا استعمال شروع کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق راشن لینے والے شخص کے چہرے کی تصویر موقع پر لی جائے گی اور اسے آدھار ریکارڈ سے ملایا جائے گا۔ اس کے بعد شناخت کی تصدیق ہونے پر راشن دیا جائے گا۔یہ سہولت خاص طور پر بزرگوں اور محنت مزدوری کرنے والے افراد کے لیے فائدہ مند ہوگی، کیونکہ بعض اوقات انگلیوں کے نشانات واضح نہ ہونے کی وجہ سے بائیومیٹرک تصدیق میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
اب مستحقین راشن لینے کے لیے تین طریقوں سے تصدیق کرا سکیں گے۔انگلیوں کے نشان سے،OTP کے ذریعےاورچہرے کی شناخت کے ذریعے ۔محکمہ خوراک کے مطابق اس نظام سے راشن کی تقسیم کا عمل مزید آسان ہوگا اور کسی بھی مستحق شخص کو تصدیق میں مشکل کی وجہ سے راشن سے محروم نہیں ہونا پڑے گا۔