سری نگر/ایس ڈی آر ایف/سول ڈیفنس کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل امتیاز حسین میر کی زیر صدارت منعقدہ محکمانہ ترقیاتی کمیٹی (DPC) کے اجلاس میں ایس ڈی آر ایف کشمیر کے 39 سلیکشن گریڈ کانسٹیبلوںکو دوسری ہائر اسٹینڈرڈ پے اسکیل میں ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق زونل ایس ڈی آر ایف/سول ڈیفنس ہیڈکوارٹرز کشمیر میں منعقدہ اجلاس کے دوران متعلقہ اہلکاروں کے سروس ریکارڈ اور ترقی کے لیے اہلیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد تمام 39 اہلکاروں کو دوسری ہائر اسٹینڈرڈ پے اسکیل کے لیے اہل قرار دیتے ہوئے ان کی ترقی کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع نے کہا کہ تمام 39 اہلکاروں کے ترقی کے احکامات موقع پر ہی جاری کر دیے گئے، جبکہ ان کی ترقی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد اہلکاروں کو ان کی جائز پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ملازمت سے متعلقہ مراعات اور فوائد فراہم کرنا ہے۔