سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (CGD) پالیسی 2026کو نوٹیفائی کر دیا ہے، جس کا مقصد جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں پائپڈ نیچرل گیس (PNG) اور کمپریسڈ نیچرل گیس (CNG) کی رسائی کو وسعت دینا اور صاف توانائی کے استعمال کے ساتھ صنعتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دفتر نے سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ پالیسی جموں و کشمیر میں صاف ایندھن کی رسائی بڑھانے، صنعتی ترقی کو تیز کرنے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
حکومت نے کونسل آف منسٹرز کی منظوری کے بعد جموں و کشمیر سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (CGD) پالیسی 2026کو نافذ کیا ہے۔ پالیسی کے تحت گھریلو صارفین، تجارتی اداروں، صنعتوں اور ٹرانسپورٹ شعبے میں پائپڈ نیچرل گیس (PNG) اور کمپریسڈ نیچرل گیس (CNG) کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے سرمایہ کاری دوست اور مقررہ مدت پر مبنی واضح نظام وضع کیا گیا ہے۔
پالیسی کی اہم دفعات میں جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں گیس سہولت کی توسیع، سنگل ونڈو نظام کے تحت مقررہ مدت میں منظوری، CNG اسٹیشنوں کے قیام کے عمل کو آسان بنانا، رائٹ آف وے (Right of Way) کے لیے یکساں ضوابط اور بڑے صنعتی علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کنکشن فراہم کرنا شامل ہے۔ ان صنعتی علاقوں میں کٹھوعہ، سامبا اور پلوامہ بھی شامل ہیں۔
A major step towards expanding clean fuel access, accelerating industrial growth and modernising energy infrastructure across Jammu & Kashmir.
The Government has notified the Jammu & Kashmir City Gas Distribution (CGD) Policy, 2026, following its approval by the Council of… pic.twitter.com/JLZZ8S1fQR
— Office of Chief Minister, J&K (@CM_JnK) October 8, 2026
حکومت کے مطابق یہ پالیسی محفوظ، سستی اور نسبتاً صاف توانائی کی فراہمی میں مدد دے گی، ایندھن کے اخراجات میں کمی لائے گی، صنعتی مسابقت کو مضبوط کرے گی اور گرین سرمایہ کاری کو راغب کرے گی۔ اس کے علاوہ روزگار، اپرنٹس شپ اور ہنرمندی کی ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے فوڈ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز کے وزیر ستیش شرما اور متعلقہ محکمہ کو اس اہم پالیسی کی منظوری اور نوٹیفکیشن پر مبارکباد پیش کی۔ حکومت نے اسے جموں و کشمیر میں صاف ستھری ترقی اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔