سکھر (نمائندہ جسارت) محکمہ جنگلات سکھر کی جانب سے جنگلات کی اراضی پر قائم تجاوزات کے خاتمہ کے لیے ایکشن پلان جاری کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ کے احکامات کے تحت رینجرز و پولیس سے سیکورٹی طلب کرلی گئی ہے۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سکھر ڈویژن افتخار احمد آرائیں کی جانب سے 81 ونگ کمانڈر شہباز رینجرز خیرپور کو ارسال کردہ ایک لیٹر کے ذریعے تجاوزات کے خاتمے کے مجوزہ ایکشن پلان کے مطابق سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ کی جانب سے اس ضمن میں پاکستان رینجرز اور پولیس کو معاونت و سیکورٹی کی فراہمی کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے سیکورٹی طلب کرلی ہے۔ اراضی پر تجاوات کے خاتمے کے سلسلے میں محکمہ جنگلات کے مجوزہ ایکشن پلان کے مطابق محکمہ جنگلات کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر افتخار احمد آرائیں اور شمس الدین کھوسو انچارج فاریسٹ آفیسر کی سربراہی میں بندی ڈھاریجو کے علاقے میں 2 مارچ کو قادر پور کے علاقے میں جبکہ 3 مارچ کو روہڑی، 4 مارچ کو ڈنگ اور 5 مارچ کو عزیز پور کے علاقوں میں جنگلات پر تجاوزات کے خاتمہ کے لیے آپریشن کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں حکومتی اقدامات پر بھرپور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کیساتھ رینجرز کی معاونت طلب کی گئی ہے۔