ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب 3 قومی کرکٹرز کورونا وائرس کا شکار

شفقنا اردو: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 3 کرکٹرز حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کی تصدیق کردی۔

پی سی بی سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو ٹیسٹ سے قبل تینوں کھلاڑیوں میں کووڈ 19 کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں۔

بیان میں کہا گیا کہ تینوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے، جبکہ پی سی بی کا میڈیکل پینل اس سلسلے میں تینوں کھلاڑیوں سے مکمل رابطے میں ہے۔

یہ تینوں کھلاڑی دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

دیگر دو کھلاڑی عثمان شنواری اور عماد وسیم کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو 24 جون کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی سی بی نے کہا کہ شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کےعلاوہ دورہ انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ آج مکمل کرلیے گئے ہیں۔

اسکواڈ میں شامل ان اراکین کے ٹیسٹ چار مختلف شہروں راولپنڈی، لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی روانگی انگلینڈ کی جانب سے چارٹر کیے گئے طیارے میں 28 جون کو متوقع ہے۔

انگلینڈ پہنچنے کے بعد قومی ٹیم برمنگھم میں 14 روزہ قرنطینہ میں رہے گی جس کے بعد تربیتی کیمپ شروع ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29 رکنی ٹیم کا اعلان 12 جون کو کیا تھا جس میں سابق کپتان سرفراز احمد کی واپسی ہوئی تھی اور نوجوان بلے باز حیدر علی کو بھی شامل کرلیا گیا۔

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے کی اور دورے کا آغاز 5اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے متوقع ہے۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9اگست تک مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی اور تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں بالترتیب 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہوں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں