ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کردیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لیے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے تحت قومی و صوبائی اسمبلی میں پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے 3 مارچ کو پولنگ ہوگی، پولنگ کا عمل 3 مارچ کو صبح 9 سے لے کر شام 5 تک جاری رہے گا۔ اسلام آباد کے لیے اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ ظفر اقبال حسین، پنجاب کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان، سندھ کےلیے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، خیبرپختونخوا کےلیے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ جب کہ بلوچستان کےلیے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق ریٹرننگ افسر ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق انتخابی شیڈول کے تحت امیدوار 12 اور 13 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، امیدواروں کی فہرست 14 فروری کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہو گی، امیدواروں کے اعتراضات 19 اور 20 فروری کو نمٹائے جائیں گے، الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو جاری کرے گا جب کہ سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے کے لیے امیدوار 22 فروری تک کاغذات واپس لے سکیں گے۔

واضح رہے کہ 11مارچ کو 52 سنیٹرز اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہو جائیں گے تاہم سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، اس طرح ایوان بالا کے ارکان کی تعداد 100 ہوجا ئے گی۔

سینیٹ میں انتخابات متناسب نمائندگی اور سنگل ٹرانسفر ایبل ووٹ کی بنیاد پر ہوں گے، سیکرٹ یا اوپن ووٹنگ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ریفرنس کے فیصلہ کے بعد ہوگا، پنجاب اور سندھ میں11، 11، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 12، 12اور اسلام آباد کی2 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں