لاہور(جسارت نیوز)آئی پی سی کی ٹیم نے پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام کھیلے گئے کارپوریٹ چیلنج کپ کا ٹائٹل جیت لیا،فائنل میچ میںڈی پی ایس کی ٹیم کو 21 رنز سے شکست ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے فائنل میچ میںآئی پی سی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ عمیر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 80 رنز بنائے ،محمد صدیق اور احمد رضا نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ڈی پی ایس کی ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ علی ارحم نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ دانش احسان نے مخالف ٹیم کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عمیر اعظم کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔