ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سری نگر میں کمیونٹی ہال فوجی بیرکوں میں تبدیل کردیے گئے

سری نگر (صباح نیوز+اے پی پی) سری نگر میں کمیونٹی ہال فوجی بیرکوں میں تبدیل کردیے گئے۔ غیر قانونی طور پربھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیر میں سرینگر میں بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے کے قابض حکام کے فیصلے کے تحت بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی کم از کم 5 اضافی کمپنیاں سرینگر پہنچ گئی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آر پی ایف کی اضافی نفری کو شہری علاقوں میں واقع شادی ہالوں میں رکھا گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی مظالم کی وجہ سے غیر قانونی طور پر بھارت
کے زیر تسلط جموں و کشمیراس کے باشندوں کے لیے ایک جہنم بن چکا ہے کیونکہ اگست 2019ء میں دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سے معصوم اور نہتے کشمیریوں کے خلاف مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیاگیا کہ زیرتسلط علاقے میں قتل و غارت، چھاپے، نظربندیاں، تشدد اور املاک کو تباہ کرنا ایک معمول بن چکا ہے اورصرف اکتوبر کے مہینے میں 22 کشمیری بھارتی گولیوں کا نشانہ بنے جبکہ جنوری 1989 سے اب تک بھارتی فوجی 95ہزار 897کشمیریوں کو شہید کر چکے ہیں۔ادھر مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبدا للہ نے کہا ہے کہ یہ دیکھ کر مایوسی ہوئی کہ سری نگر شہر میں کیمونٹی ہالز کو سیکورٹی فورسز بارکوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔ اپنے ٹویٹر پر عمر عبدا للہ نے لکھا کہ شہر میں سیکورٹی صورتحال اب اس ڈگر پر پہنچ گئی ہے کہ نہ صرف نئے بنکرز بنائے جارہے ہیں بلکہ لوگوں کی آسائش کے لیے مخصوص ان کیمونٹی ہالز کو پیرا ملٹری فورسز اب بارکوں کے طورپر استعمال میں لا رہی ہیں جو کہ نہایت ہی قابل افسوس ہے ۔واضح رہے کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ سری نگر میں کیمونٹی ہالز میں سی آر پی ایف کی تعیناتی کے حوالے سے ان کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی ۔مزید برآں مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو خاموش کرنے کے لیے روز سخت سے سخت قوانین لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر میں جگہ جگہ سیکورٹی بنکر لگانے کے بعد اب سیکورٹی فورسز کو کمیونٹی ہالوں میں دھکیل دیا گیا ہے ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں