کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے باکسر نمرا اور ایتھلیٹ عیسی پریا کی حوصلہ افرائی کے لیے بہترین کارکردگی پر انعام کے طور پر انہیں چیک دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے شعبے میں خواتین کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاسکیں، موجودہ حکومت خواتین کو ہر شعبے میں با اختیار بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے7باکسرز اور 2ایتھلیٹ پر مشتمل 9 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ باکسرز کے وفد میں نثار احمد(کوچ)، بختاور، آسیہ، نمرا، ماہ نور، بلال اور باسط شامل تھے، جبکہ ایتھلیٹس میں عیسی پریا اور محراب پریا شامل تھے۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے۔گورنر سندھ نے باکسر نمرا کی حوصلہ افزائی کے لئے بہترین کارکردگی پر انعام کے طور پر چیک بھی دیا۔ باکسر بختاور نے گورنر سندھ کو بتایا کہ باکسر نمرا کا انٹر نیشنل پروفیشنل باکسنگ میں16واں اور ایشیاپروفیشنل باکسنگ میں 11واں رینک ہے، جبکہ ورلڈ باکسنگ کونسل(ڈبلیوبی سی )اور وومن انٹر نیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن میں بیلٹ فائٹر میں کوالیفائی کے لیے باکسر نمرا کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔گورنر سندھ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ با صلاحیت نمرہ کی باکسنگ کے رنگ میں کامیابیاں قابل تحسین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لیاری سے کئی نامور باکسرز نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام بھی حاصل کیا ہے۔