پشاور : صوبہ خیبرپختونخوا میں بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔
پروونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق بارشوں اور برفباری سے 15 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک گھر مکمل تباہ ہوا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بند سڑکوں کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پی ڈی ایم اے) نے شانگلہ کے متاثرہ علاقےکا دورہ بھی کیا اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو جلد معاوضہ ادا کیا جائے۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہیں اور رزمک سے ڈنگین روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ جنوبی وزیرستان سرحد تک سڑک سے برف ہٹا کر اسے کنٹینرز کے گزرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے، ساتھ ہی برف میں پھنسے سیاح اور گاڑیوں کو نکالنے میں بھی مدد کر رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) عقیق حسین کے مطابق سیاحوں کو برف میں ڈرائیونگ سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں جبکہ سیاحوں کے لیے رزمک پولیس اسٹیشن کو کھول دیا ہے جہاں انہیں چائے، کھانے پینے اور گرم بستر کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔
