حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پولیس مقابلہ ودیگر کارروائیوںکے دوران افغان ڈکیت گروہ کے ارکان، فیکٹری سپروائزر سمیت 4ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، 2ساتھی فرار ہوگئے، لاکھوں روپے نقدی، زیورات و اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق نسی نگر پولیس کا دوران پیٹرولنگ دریا پل کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 3 ڈاکوؤں سے مقابلہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو سجاد آرائیں عرف بھٹو عرف نواب کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جبکہ دیگر 2 ساتھی فرار ہوگئے ،مقابلے کے نتیجے میں گرفتار ڈاکو زخمی حالت میں پایا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم قتل، چوری، رہزنی، ڈکیتی، لوٹ مار، پولیس مقابلہ اور غیر قانونی اسلحہ جیسی وارداتوں میں ملوث رہا ہے گرفتار ملزم کا تعلق منظم ڈکیت گینگ سے ہے ۔ ادھر سائٹ پولیس نے آٹوز انڈسٹری میں چوری کی واردات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتارکرکے لاکھوں روپے مالیت کا چوری شدہ سامان برآمدکرلیا،19 جنوری کو فریادی عبدالمجید مغل نے شکایت درج کروائی تھی،ملزمان نیاز ماچھی، فدا حسین انڑ اور محراب پہنورسے مسروقہ 2 بڑے ٹریکٹر رم، 2 چھوٹے ٹریکٹر رم، 11 عدد ایکسل، 20 لیوینگ بوگس برآمد کرلیے گئے ۔دوسری جانب اے ایس پی بلدیہ حسنین وارث نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر دس روز قبل گروہ کے 2 سہولت کاروں زبیر اور نبیل کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کے مزید ارکان کوبھی گرفتار کیا گیا اوران سے 50لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، 4لاکھ روپے کی نقد رقم اور جدید اسلحہ برآمد کرلیا۔ یہ ڈکیٹ گروپ بذریعہ چمن بارڈر افغانستان سے کوئٹہ آتے تھے جہاں واردات کی پلاننگ کی جاتی تھی جس کے بعد پاکستان کے کسی بڑے شہر کے بڑے تاجر کے گھر کو اپنا نشانہ بناکر واپس اسی راستے بلوچستان اور افغانستان کے علاقوں میں روپوش ہو جاتے تھے۔