
کراچی (سید وزیر علی قادری)پاکستان سپر لیگ کے 7ویں ایڈیشن میں بھی حکومت سندھ کے محکمہ صحت وبحالی نے اپنی پیشہ ورانہ خدمات کو جاری رکھتے ہویے شائقین و آفیشلز کو طبی امداد فراہم کی۔ نمائندہ جسارت سے بات چیت کرتے ہویے انچارج موبائل اسپتال یونٹ ڈاکٹر شبیر اعوان کا کہنا تھا کہ ہم 24جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مقیم ہیں اور صبح 9بجے تا رات گئے ایک بجے تک مستقل شائقین کرکٹ کو درپیش طبی مسائل کو سن کر ، چیک اپ کرتے ہیں اور اسی وقت مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو دوائیوں سے لے کر بلڈ پریشر، ای سی جی، شوگر، دانتوں کی تکالیف وغیرہ کا علاج کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیم ضلع ٹھٹھہ سے ہر سال پی ایس ایل کے ایونٹ میں آتی ہے اور ہماری مجموعی تعداد 12ٖٓافراد پر مشتمل ہے جس میں ایک لیڈی ڈاکٹر نصرت انصاری بھی شامل ہیں۔ جسارت کے سوالات کے جوابات دیتے ہویے ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہم 500زائد مریضوں کا چیک اپ اور علاج اور ادویات دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر مریض جنرل او پی ڈی سے تعلق رکھتے ہیں جن میں نزلہ ، زکام، سر میں درد، بلڈ پریشر، سینے میں جلن جس کی وجہ ہاضمے کا خراب ہونا ہے اور دانتوں میں تکلیف شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2موبائل اسپتال یہاں پر کھڑی ہیں ایک میں مرد حضرات اور دوسرے میں خواتین کا چیک اپ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 7فروری تک یہیں پر رہیں گے اور اسٹیڈیم میں آنے والے شائقین اور پی سی بی و پی ایس ایل اسٹاف کے علاوہ سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کو بھی یہ سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔